بھٹکل 11 اکتوبر (ایس او نیوز) کورونا لاک ڈاؤن کے دوران جس طرح کئی اداروں اور سماجی کارکنوں نے اپنی خدمات پیش کرتے ہوئے لوگوں کی پریشانیوں کو دور کرنے کی کوشش کی، ایسے ہی موقع پر بھٹکل کے مختلف اسپورٹس سینٹروں کے نوجوان بھی اپنے نام و نمود کی نمائش کئے بغیر خاموشی کے ساتھ اپنی خدمات پیش کررہے تھے۔ خیال رہے کہ بھٹکل مسلم یوتھ فیڈریشن کے صدر امتیاز اُدیاور اور جنرل سکریٹری محمد نصیف خلیفہ جس طرح لاک ڈاون کے دوران نہایت متحرک ہوکر کام کرتے ہوئے پائے گئے تھے، اسی طرح کورونا لاک ڈاون میں بڑی تعداد میں ہوئی میتوں کی تجہیز و تکفین کے لیے بھی بھٹکل مسلم یوتھ فیڈریشن کی قیادت میں بعض نوجوان خاموشی کے ساتھ اپنی جانوں کی پرواہ کئے بغیر عملی خدمات انجام دے رہے تھے۔ فیڈریشن کی طرف سے منعقدہ سالانہ جلسہ کے موقع پر ان تمام نوجوانوں کی خدمات کی ستائش کی گئی اور اُنہیں تہنیت سے نوازا گیا۔
فیڈریشن کا سالانہ جلسہ جمعرات کی شب کو مجلس اصلاح و تنظیم ہال میں منعقد کیا گیا تھا جس کا آغاز عبداللہ شریح کوبٹے ندوی کی تلاوت کلام پاک سے ہوا۔ مولانا عرفان ایس ایم ندوی نے مہمانان کا استقبال کیا۔ مجلس اصلاح و تنظیم کے صدر سید احمد پرویز ایس ایم، نائب صدر عتیق الرحمن مُنیری اور مولانا ابوالحسن علی میاں ندوی اسلامک اکیڈمی کے جنرل سکریٹری مولانا الیاس جاکٹی ندوی مہمان خصوصی کے طور پر موجود تھے۔
فیڈریشن کے جنرل سکریٹری محمد نصیف خلیفہ نے سالانہ رپورٹ پیش کی، فیڈریشن کے محاسب قیصر محتشم نے حساب کتاب پیش کیا۔ خازن ناہید کولا اور فیڈریشن کے اراکین انتظامیہ سمیت دیگر ذمہ داران موجود تھے۔ وقفہ سوالات کے موقع پر کئی ایک نے سوالات کئے، جن کے مناسب جوابات دئے گئے۔ جس کے بعد رپورٹ مع حساب کتاب کو منظور کیا گیا۔ فیڈریشن کے صدر امتیاز اُدیاور نے جلسہ کی صدارت کی۔ فیڈریشن کے سرگرم رکن مولوی عزیزالرحمن رکن الدین ندوی نے پروگرام کی نظامت کی۔
سالانہ جلسہ میں بھٹکل کے 21 اسپورٹس سینٹروں کے عہدیداران اور سرگرم اراکین شریک تھے جن سے خطاب کرتے ہوئے تنظیم صدر ایس ایم پرویز نے نوجوانوں کو نصیحت کی کہ وہ ملک کے حالات پر نظر رکھتے ہوئے حالات کا مقابلہ کرنے اپنے آپ کو تیار رکھیں، قوم وملت کی فلاح و بہبودی کے لئے متحد ہوکر کام کریں، قومی اداروں کا ساتھ دیں، چھوٹی چھوٹی باتوں پر اُلجھنے سے گریز کریں۔ جناب پرویز نے کبڈی کے میدان کی مثال پیش کرتے ہوئے بتایا کہ کھلاڑی کو جس طرح اپنی باونڈری کے اندر رہ کر کھیلنا ہوتا ہے اورباونڈری سے باہر جانے پر انہیں آوٹ قرار دیا جاتا ہے، اسی طرح فٹ بال میں بھی گیند کو باونڈری لائن کے اندر ہی کھیلنا ہوتا ہے، نوجوانوں کو سمجھنے کی ضرورت ہے کہ انہیں بھی اپنے دائرہ کے اندر رہ کر کام کرنے کی ضرورت ہے اور نوجوانوں کو اپنے دائرہ کار سے باہر جانے کی کوشش نہیں کرنی چاہئے۔سالانہ جلسہ کے موقع پر فیڈریشن کے دستور میں بھی بعض تبدیلیاں کی گئیں جس کے لئے دستورکمیٹی پہلے ہی ترتیب دی گئی تھی۔ دستور کمیٹی کے کنوینر مولانا ایس ایم عرفان ندوی نے ترمیمات پیش کیں جسے ممبران اور اسپورٹس سینٹروں کے اراکین نے بعض دفعات میں ردو بدل کرنے کے بعد منظوری دی۔